سندھ پولیس کا کچے میں آپریشن، صحافی جان محمد کے قتل میں نامزد 3 ملزمان گرفتار

Published On 28 October,2023 01:20 am

سکھر: (دنیا نیوز)ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی نگرانی میں کچے میں جاری آپریشن میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث 3 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی سکھر نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ملزم شیر محمد شیخ ، محمد رمضان شیخ اور بشیر مہر کو حراست میں لے کر اسلحہ بھی برآمد کر لیا، صحافی جان محمد مہر کے قتل کا منصوبہ شیر محمد شیخ کے گھر میں بنایا گیا، شیرو مہر اور دیگر ملزمان کا گھر میں آنا جانا تھا، محمد رمضان شیخ ملزمان کیساتھ جان محمد کے گھر، آفس اور دیگر مقامات پر ریکی کرتے رہے۔

عرفان علی سموں نے مزید بتایا کہ واردات کے بعد بشیر مہر نے ملزمان کو پناہ دی اور کچے میں محفوظ مقام فراہم کیا، بشیر مہر ملزمان کو کچے میں اسلحہ سمیت تمام سہولیات فراہم کرتا رہا، گرفتار ملزمان پر تماچانی تھانے پر مزید 4 مقدمات درج کرنے کے احکامات دیئے ہیں، سہولت کاروں کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا، ملزمان کو کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

ایس ایس پی سکھر نے کہا ہے کہ شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں جلد ہی دیگر ملزمان گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔