لاہور: (دنیا نیوز) تھانہ چوہنگ کی حدود میں ملزمان نے فائرنگ کر کے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ واقعہ میں پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے قتل ہونے والے افراد میں حافظ محمد مرتضیٰ، غلام مصطفیٰ، ملک شہزاد، ملک خادم حسین اور فہد شامل ہیں جبکہ واقعہ میں 5 سالہ ابوبکر زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جن کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور سینئر پولیس افسران کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دی جائے، سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سے ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے اور سینئر افسران مقتولین کے لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا واقعہ کا نوٹس
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چوہنگ میں 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔