کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملے جنگی جرائم ہیں۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے فلسطینیوں کیلئے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے مظالم کے خلاف ہر جگہ احتجاج کروں گا، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا سمیت ہر جگہ جا کر احتجاج کروں گا، تمام مذاہب کے لوگوں کا مشکور ہوں جو یہاں آئے، فلسطینیوں کے لئے امداد لے کر مصر جاؤں گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم آگے بڑھیں اور ثابت کریں کہ ہم سچے مسلمان ہیں، فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر دل خون کے آنسورو رہا ہے، ہم اپنی استطاعت کے تحت جوکر سکے کریں گے، ہم نے ایک پاکستانی ہوکر آواز بلند کرنی ہے، عالمی برادری کو اسرائیلی افواج کی بربریت کا نوٹس لینا چاہئے، ہمیں غلامی کی زنجیروں کو توڑنا ہے، دل رو رہا ہے مگر ہم خاموش ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملے جنگی جرائم ہیں، پناہ گزین کیمپوں، چرچ اور ہسپتال کو نشانہ بنانا اسرائیل کی سفاکیت کا ثبوت ہے، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔