اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کی سربراہی میں پاکستانی وفد چین روانہ ہوگیا۔
وزیر تجارت گوہر اعجاز چین کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے ملاقاتیں کریں گے، وفد میں محمد علی ٹبہ، فواد احمد مختار، عامر فیاض شیخ، میاں احسن، شہزاد ملک، احسن بشیر اور عبدالرحیم ناصر شامل ہیں۔
دورہ چین پر روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ بڑا تجارتی حجم ہے، پاکستان چین سے سالانہ 20 ارب ڈالرز کا تجارتی مال منگواتا ہے، پاکستان صرف چین کو دو ارب ڈالرز کا مال بیچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین ماہ میں ملکی برآمدات کو بڑھانے کی تجاویز تیار کی ہیں، ملکی برآمدات کو بڑھانے کا سب سے بڑا پوٹینشل چین میں نظر آتا ہے، ٹیکسٹائل اور نان ٹیکسٹائل ایڈوائزری کونسل نے اپنی سفارشات تیار کی ہیں، فوڈ اینڈ ایگری کلچر ایکسپورٹرز کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں، ایکسپورٹرز کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا ہے۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ایڈوائزری کونسل کے 20 بڑے بڑے ایکسپورٹرز چین کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے مارکیٹس اور پارٹنرز ڈھونڈنے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ تجارت بڑھا کر معاشی مسائل سے نکل سکتا ہے، پاکستان چین کے ساتھ تجارتی خسارہ کم کر کے تمام مسائل حل کر سکتا ہے۔