پنک نمک کے فوائد اور استعمال سے متعلق تحریک سینیٹ میں پیش

Published On 01 January,2024 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے پنک نمک کے فوائد اور استعمال سے متعلق تحریک پیش کی گئی۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پنک سالٹ کو گلابی سونا کہا جاتا ہے، کھیوڑا میں پنک سالٹ کا دنیا کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہے، کھیوڑا کے ذخیرے جہلم سے میانوالی اور کوہاٹ تک پھیلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ گلابی نمک دنیا بھر میں صرف پاکستان میں پایا جاتا ہے، بھارت اس گلابی نمک کو اپنے نام سے فروخت کر رہا ہے، ہم اب تک اپنے اس اثاثہ کا تحفظ نہیں کر سکے ہیں، پاکستان کے علاوہ کوئی ملک گلابی نمک کو اپنے نام سے استعمال نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: نومبر 2023ء کی نسبت دسمبر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ معدنیات اور نمک بیشتر ضائع ہو رہا ہے، ایک خبر آئی تھی کہ امریکی کمپنی کے حکام پاکستانی سفیر سے ملے تھے اور نمک میں سرمایہ کاری کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ گلابی نمک پاکستان کا اثاثہ ہے، نمک ایکسپورٹ کرنے والے 20 بڑے ممالک میں پاکستان شامل کیوں نہیں، یہ ایوان اس معاملہ کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ ویت نام دنیا میں سی فوڈ سپلائی کرنے والا بڑا ملک ہے، ہمارا گوادر کا ساحل ویت نام سے کہیں بڑا ہے، ملک میں 22.2 ارب ٹن کے قدرتی ذخائر موجود ہیں۔