کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل خوشحال سندھ اور روشن پاکستان کا سفر جاری رکھے گا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، کے پی ٹی کے چیئرمین سید سیدین رضا زیدی بھی تقریب میں شریک تھے۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے میری ٹائم انڈسٹری میں کے آئی سی ٹی کے اہم کردار پر اعتماد کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے کراچی کے مشرقی گیٹ وے کی دوبارہ بحالی میں کردار کو سراہا۔
وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے آئی سی ٹی خوشحال سندھ اور روشن پاکستان کے سفر کو جاری رکھے گا، کراچی پورٹ ٹرسٹ اپنے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجارت کیلئے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ وزیراعلیٰ برآمدات اور درآمدات دونوں کیلئے ایک پل کی طرح کام کرتا ہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ نے روزگار اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب سے ہچی سن پورٹس کے مینجنگ ڈائریکٹر مسٹراینڈی تسوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی اور ملکی آمدنی میں نمایاں حصہ ڈالنے میں کے آئی سی ٹی اہم مرکز بن چکا ہے۔
اینڈی تسوئی نے کہا کہ کے آئی سی ٹی کے سٹریٹجک پالیسی کو پائیدار عالمی تجارت کی وابستگی سے منسلک کیا گیا ہے، آج 25 سال پورے ہونے پر کے آئی سی ٹی اپنے تاریخی سنگ میل کی خوشی منا رہا ہے۔