پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی قسط بہت سخت ثابت ہوگی۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی مالی صورتحال پاکستان کی مالی صورتحال سے بہتر ہے، خیبرپختونخوا میں 2 یا 3 روپے فی یونٹ بجلی بن رہی ہے، صوبہ میں اگر بجلی تیاری بند کی جائے تو 100 روپے یونٹ پیدا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام ترقیاتی منصوبے بند ہیں، قبائلی اضلاع کو دیگرعلاقوں کے برابر لانے کیلئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے، سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار 4 بار کچھ نہ کر سکا تو 5 ویں بار کیا کرتا۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے دور میں نہ ڈالر کی قیمت کم ہوئی اور نہ روپے کی قدر میں اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کی قسط بہت سخت ثابت ہوگی، موجودہ وفاقی وزیر ایک بینکر ہے، ملک کو اس وقت ایک ماہر معاشیات اور ماہر اقتصادیات کی ضرورت تھی۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ باہر سے آنے والوں کو پاکستان کی معیشت سمجھنا آسان نہیں، وزیر اعظم شہباز شریف مزید نئے ٹیکسز لگانے والے ہیں۔