اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات آنا شروع ہو گئے، ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کی منظوری دے دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر، چیئرمین اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹ یونین کے وفد کے مابین میٹنگ میں اتفاق ہو گیا، 4 کلومیٹر تک کرایہ 35 سے کم کر کے 33 روپے کر دیا گیا، 4 سے 8 کلومیٹر سفر کا کرایہ 45 سے کم کر کے 40 روپے کر دیا گیا۔
8 سے 14 کلومیٹر کا کرایہ 55 سے کم کر کے 50 روپے، 14 سے 22 کلومیٹر سفر کا کرایہ 70 سے کم کرکے 65 روپے کیا گیا ہے، 22 سے 30 کلومیٹر سفر کا کرایہ 80 سے کم کرکے 70 روپے کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے فیصلے کے مطابق 30 کلومیٹر سے زائد سفر پر 10 روپے تک کمی کی جائے گی، کرایہ نامہ تمام گاڑیوں کی فرنٹ سکرین پر چسپاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کرایوں میں کمی کا فیصلہ کے مطابق ٹرانسپورٹ یونین کے وفد کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا، ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے کرایوں میں کمی پر تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق کرایوں میں کمی نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو کل سے گاڑیوں کے کرائے چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔