اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کے معروف برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے صنعتوں کے لئے بجلی کے نرخ میں کمی کے حوالے سے وزیراعظم اور حکومت پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملنے والے وفد نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی، وفد کے ارکان نے کہا کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں اور ٹیکس چوروں کو سزا دلوانے کے حوالے سے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ملک تبھی ترقی کرے گا جب برآمدی شعبہ تیز اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھے گا، برآمد کنندگان لائق احترام ہیں اور ملک کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غیر روایتی برآمدات کو فروغ دینے کے حوالے سے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ہمیں آج وہ فیصلے کرنے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوں، جی ڈی پی میں برآمدات کا تناسب بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کو سیلز ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا رہے ہیں، اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وسائل کے اندر رہتے ہوئے تاجروں اور صنعت کاروں کو ہر ممکن کو سہولیات فراہم کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے برآمد کنندگان کے تمام مسائل کے فوری حل کے حوالے سے وفاقی وزراء کو وفد کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔