اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں0.62 فیصد کمی ہوگئی جس کے باعث سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح 16.69 فیصد سے کم ہوکر 15.34 فیصد کی شرح پر آگئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
حالیہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 9 روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا، پیاز فی کلو 9 روپے، دال چنا 8 روپے، لہسن 10 روپے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 15 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ، آلو، ٹوٹا باسمتی چاول، گھی، نمک، مٹن اور بیف مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
حالیہ ہفتے زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے، فی درجن انڈے 3 روپے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فی کلو قیمت میں 16 روپے اور دال ماش کی فی کلو قیمت میں بھی 3 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.16 فیصد اضافے کے ساتھ 9.78 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.11 فیصد اضافے کے ساتھ 14.04 فیصد رہی۔