اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے بیلاروسی وزیرتوانائی الیکسی کوشنرینکو نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ پاک بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن میں شرکت پر بیلاروسی وزیرتوانائی کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان جامع تجارتی حکمت عملی 2027-2025 اہم معیشت کی بحالی کے لئے اہم قدم ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کا شفاف نظام وجود میں آچکا ہے، ساتویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسسٹری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونا خوش آئند بات ہے، رواں سال اکتوبر میں وزیراعظم پاکستان بیلاروس کا دورہ کریں گے، نومبر میں صدرمملکت بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے بیلاروس جائیں گے۔
اس موقع پر الیکسی کوشنرینکو نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ ہر سیکٹر میں تعاون کے لئے تیار ہے، امید ہے مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں سے مثبت نتائج نکلیں گے۔
بیلاروسی وزیرتوانائی نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کو زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔