اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے افغان سرحد پر موثر اقدامات رنگ لے آئے، سمگلنگ قابو میں اورغیرقانونی درآمدی کاروبار کم ہو گیا۔
ذرائع کےمطابق گزشتہ ماہ افغان راہداری تجارت کےتحت درآمدات میں بڑی کمی ہوئی جبکہ جولائی سےستمبر تک سالانہ بنیادوں پو 85فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
باوثوق ذرائع کا کہنا تھا کہ رواں سال ستمبرمیں سالانہ بنیادوں پرافغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں86 فیصد کی کمی کے ساتھ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ7کروڑ83 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئی جبکہ ستمبر2023 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈکا حجم54کروڑ51 لاکھ ڈالرز تھا۔
ذرائع نے کہا کہ اگست2024 کےمقابلے میں ستمبر میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں16 فیصد کی کمی سے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں افغان ٹرانزٹ26کروڑ 94 لاکھ ڈالرز رہیں، جولائی سے ستمبر2023 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا حجم ایک ارب76 کروڑ79 لاکھ ڈالرز تھا، گزشتہ مالی سال افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں 4 ارب 21 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ مالی سال 24-2023 میں افغان ٹرانزٹ کاحجم 2 ارب88کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا جبکہ مالی سال23-2022 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 7 ارب 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھیں۔