23 لاکھ فری لانسرز میں سے صرف 38 ہزار کے پاس بینک اکاؤنٹس ہونے کا انکشاف

Published On 13 December,2024 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزیراعظم کی آئی ٹی برآمدات ترسیلات زر کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انکشاف ہوا کہ 23 لاکھ 20 ہزار فری لانسرز میں سے صرف 38 ہزار کے پاس بینک اکاؤنٹس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

وزیر خزانہ کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ہر ہفتے 500 فری لانسرز کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا رہے، گورنر سٹیٹ بینک نے کمیٹی کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں آن لائن ادائیگیوں کیلئے پے پال کا نظام پاکستان میں لانے پر زور دیا گیا، آئی ٹی پروفیشنلز کو مواقع فراہم کرنے کیلئے ادائیگی کا اپنا نظام لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سٹیک ہولڈر، ایف بی آر، سٹیٹ بینک، وزارت آئی ٹی اور فری لانسرز کا ورکنگ گروپ بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی کے شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر برآمدات سے غیر ملکی آمدنی کیلئے باہمی تعاون، مستقل پالیسیاں ضروری ہیں۔