کراچی: (دنیا نیوز)پاکستان کے قرضوں کا مجموعی حجم 72 ہزار ارب روپے سے متجاوز، ہر پاکستانی ساڑھے تین لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہوگیا۔
سٹیٹ بینک کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ایک سال میں ملکی قرضوں کا مجموعی حجم 64 ہزار 842 ارب روپے سے بڑھ کر 72 ہزار 123 ارب روپے ہوگیا، پاکستان کے مجموعی قرضے ایک سال میں 11 اور ایک ماہ میں 0.7 فیصد بڑھے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کا مقامی قرض 42 ہزار 625 ارب روپے سے بڑھ کر50 ہزار 243 ارب روپے ہوگیا، جنوری 2024 سے جنوری 2025 تک مقامی قرضے 17.9 فیصد کےحساب سے بڑھے جبکہ ایک مہینے میں مقامی قرضے 0.7 فیصد بڑھ کر 48 ہزار883 ارب روپے سے 50 ہزار 243 ارب روپے ہوگئے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ بیرونی قرضے ایک سال کے عرصے میں 1.5فیصد معمولی کمی سے 22 ہزار 216 ارب سے 21 ہزار880 ارب روپے ہوگئے، ایک مہینے میں بیرونی قرضوں کا حجم 0.5 فیصد بڑھ کر 21 ہزار 880 ارب روپے رہا۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بیرونی ومقامی قرضوں کے علاوہ سود کی ادائیگیاں 5 ہزار 5 سو ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے، مقامی قرضوں کے حجم میں خطرناک حد کا اضافہ حکومتی اخراجات کی وجہ سے ہے۔