کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چودھری نے کہا کہ قازقستان کے تاجروں کیلئے پاکستان میں بہت سے مواقع موجود ہیں۔
قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امورجنید انور چودھری نے کہا کہ قازقستان کے ساتھ ہمارے مضبوط تعلقات ہیں، ہماری معیشت مزید مضبوط ہوگی۔
وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ جنید انور چودھری نے کہا کہ قازقستان کے ٹرانسپورٹ وزیر کا آنا بحری صنعت میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا، قازقستان آئندہ مہینوں میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
جنید انور چودھری نے کہا کہ قازقستان گوادر پورٹ میں بھی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے، گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے ریلوے ٹریک بھی بنایا جائیگا، قازقستان سے سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ایگریمنٹ کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر سے ایک ریلوے ٹریک قائم ہوگا جو افغانستان سے ہوتے ہوئے قازقستان سے ملے گا، قازقستان کو پورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امپورٹ کیلئے بندرگاہوں کو استعمال کرنے کا پلان بھی دیا ہے، پاکستان نے قازقستان کو تجارت کی آفر کر دی ہے، ان سب کا جائزہ لینے کے بعد ایم او یو کا مرحلہ آئے گا۔
جنید انور چودھری نے کہا کہ کے پی ٹی میں خرابیاں ضرور ہیں مگر اس کے باوجود کماؤ پوت ادارہ ہے، قازقستان اور پاکستان کے درمیان ریلوے ٹریک سے متعلق افغانستان حکومت سے بات چیت جاری ہے۔
اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ قازقستان نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی بہت خوشی ہوئی، پاکستان کے ساتھ مختلف منصوبوں پر گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔
پاکستان سے معاشی تعلقات میں مسلسل بہتری آرہی ہے، قازقستان کا وفد دو دن پاکستان میں رہ کر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے گا قازقستان کا وفد میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ قازقستان اور پاکستان کے درمیان جوائنٹ ایڈوینچرز کے منصوبوں، گوادر، کے پی ٹی اور پورٹ قاسم پر کام ہوگا۔
دریں اثنا وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے کہا ہک بندرگاہوں پر برسوں سے پڑے ضبط شدہ سیکڑوں کنٹینرز پر کے پی ٹی کو ایف بی آر کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی، چیئرمین ایف بی آر کو کھڑے کنٹینرز پر براہ راست خط لکھا جائے، ایف بی آر اپنا کچرا پورٹ سے اٹھائے یہ اب نہیں سنبھل رہا۔