ملکی قرضوں کا حجم 74 ہزار 936 ارب روپے کی خطرناک حد پر پہنچ گیا

Published On 04 June,2025 09:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملکی قرضوں کا حجم مسلسل اضافے سے 74 ہزار 936 ارب روپے کی خطرناک حد پر پہنچ گیا، ہر پاکستانی ساڑھے تین لاکھ روپے کا مقروض ہو گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ایک سال میں ملکی قرضوں کا مجموعی حجم 66 ہزار 88 ارب روپے سے بڑھ کر 74 ہزار 936 ارب روپے سے تجاوز کر گیا، پاکستان کے مجموعی قرضے ایک سال میں 13.4 اور ایک ماہ میں 1.7 فیصد بڑھے۔

پاکستان کامقامی قرضہ ایک سال میں 44 ہزار 486 ارب روپے سے بڑھ کر 52 ہزار 523 روپے ہوگیا، اپریل 2024ء سے اپریل 2025ء تک مقامی قرضےایک سال میں 18.1 فیصد کےحساب سے بڑھے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایک ماہ میں مقامی قرضے 2 فیصد بڑھ کر 51 ہزار 518 ارب روپے سے 52 ہزار 533 ارب روپے سے تجاوز کر گئے۔

بیرونی قرضے ایک سال میں 3.8 فیصد بڑھ کر 21 ہزار 602 ارب روپے سے 22 ہزار 413 ارب روپے ہوگئے، مارچ 2025ء سے اپریل 2025ء تک بیرونی قرضے 1.1 فیصد اضافے سے 22 ہزار 170 ارب روپے سے 22 ہزار 413ارب روپے پر پہنچ گئے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کو بیرونی و مقامی قرضوں پر سود ادائیگیاں 6 ہزار 8 سو ارب روپے سے تجاوز کرگئیں، قرضوں کا مجموعی حجم، سود ادائیگیاں اور سرکاری ضمانت کی رقوم کا کُل حجم 90 ہزار ارب روپے پر پہنچ گیا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی قرضوں کے حجم میں خطرناک حد کا اضافہ حکومتی اخراجات کی وجہ سے ہے۔