سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حکومت کی آئل کمپنیوں کو تیل ذخیرہ رکھنے کی ہدایت

Published On 21 June,2025 05:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) خطے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، ایران اسرائیل جنگ کے پیش نظر وفاقی حکومت نے آئل کمپنیوں کو تیل ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے آئل کمپنیوں کو 14 کروڑ لٹرز پٹرول فوری منگوانےکا حکم دیا گیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئل کمپنیوں کو لکھے گئے خط میں 20 دن کا تیل ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اوگرا نے حالیہ علاقائی صورتحال کے سبب تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو تیل کا ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ایس او حکام کے مطابق حکومتی ہدایات کے بعد پی ایس او نے تقریباً 7 کروڑ لٹرزکا ہنگامی ٹینڈر جاری کیا ہے، تیل بردار جہاز 10 دن کے اندر کراچی پورٹ پہنچے گا۔

پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ 6 جولائی کو پہنچنے والے تقریباً 7 کروڑ لٹرز سے لدے تیل بردار جہاز کو 26 جون کو پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یکم جولائی تک ملک میں اضافی 14 کروڑ لٹرز تیل موجود ہوگا، صورتحال دیکھتے ہوئے مزید ہنگامی ٹینڈرز جاری کیے جاسکتے ہیں۔