حکومت نے عوام پر ایک اور بم گرا دیا، پٹرول 8.36، ڈیزل 10.39 روپے مہنگا

Published On 01 July,2025 01:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ایک بار پھر مہنگائی کے مارے عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے قیمتوں میں آئندہ پندرہ روز کے لیے بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لئے پٹرول کی قیمت میں 8.36 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، ڈیزل کی قیمت 10.39 روپے فی لٹر بڑھا دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق قیمتوں میں اضافے سے پٹرول کی نئی قیمت 266.79 پیسے مقرر کر دی گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 272.98 روپے تک بڑھ گئی، پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری کر دیا گیا، واضح رہے کہ اوگرا نے سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائی جس کے بعد وزیر خزانہ نے وزیراعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کیا۔

ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔