چینی کی درآمد ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے کی جائے گی: رانا تنویر حسین

Published On 09 July,2025 06:39 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چینی کی درآمد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے کی جائے گی۔

وفاقی دارالحکومت میں رانا تنویر حسین کی زیر صدارت چینی درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چینی کے معیار اور درآمد کے طریقہ کار پر غور کیا گیا،اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چینی کی درآمد ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے کی جائے گی، چینی کی درآمد پر تمام ٹیکسز سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 2 لاکھ ٹن چینی کے لیے ٹینڈر جاری کیا جائے گا، ایک ہفتے بعد مزید 1.5 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کا دوسرا ٹینڈر ہوگا، درآمد کی جانے والی چینی موٹے دانے والی اور اعلیٰ معیار کی ہوگی۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ چینی کی شپمنٹ کے بعد معائنہ لازمی قرار دیا گیا ہے، عوام کو معیاری اور سستی چینی فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، چینی کی درآمد کا عمل شفاف اور معیاری ہوگا، دوسری جانب اجلاس میں سٹیئرنگ کمیٹی نے چینی کے معیار اور درآمدی طریقہ کار پر تفصیلی غور کیاجب کہ فیصلے عوامی مفاد اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیے گئے۔