لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ہاؤس آف کامنز میں برطانوی وزیراعظم کے تجارتی ایلچی محمد یاسین سے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور سیکرٹری کامرس جواد پال بھی موجود تھے، جام کمال خان نے محمد یاسین کو حالیہ تقرری پر مبارکباد دی اور جون 2025 میں ان کے کامیاب دورہ پاکستان کو سراہا، ملاقات میں پاک برطانیہ معاشی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور یوکے-پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈائیلاگ کے آغاز کو سنگ میل قرار دیا گیا۔
اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا کہ یہ ڈائیلاگ مارکیٹ رسائی کے مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے ڈیولپنگ کنٹریز ٹریڈنگ سکیم (DCTS) کے تحت تجارت بڑھانے پر زور دیا جبکہ برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
وزیر تجارت نے یوکے-پاکستان بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام کا خیرمقدم کیا اور برطانیہ میں موجود تاجر برادری اور چیمبرز کے ساتھ روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں تجدید توانائی، آئی سی ٹی، زراعت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے امکانات زیر غور آئے جبکہ دونوں فریقین نے سیاسی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، دونوں ممالک نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرپا اور مساوی تجارتی شراکت داری کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔