انگلش بیٹر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

Published On 12 July,2025 05:55 am

لارڈز: (دنیا نیوز) انگلش کرکٹ ٹیم کے سٹار پلیئر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ کے دوران انگلش کرکٹ ٹیم کے جو روٹ نے بھارتی بلے باز کرون نائر کا کیچ تھام کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے فیلڈر (نان وکٹ کیپر) بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

روٹ نے اب تک 266 اننگز میں 211 کیچز لے کر سابق بھارتی لیجنڈ راہول ڈریوڈ کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 301 اننگز میں 210 کیچز لئے تھے۔

بیٹنگ میں بھی روٹ کا جادو جاری رہا، انہوں نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 37ویں سنچری تھی، ان کی بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 387 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ جواب میں بھارت نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں پر 145 رنز بنا لیے ہیں، یہ پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ ہے اور سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے۔

جو روٹ کی شاندار کارکردگی نے ناصرف انگلش ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا ہے بلکہ ایک بار پھر ان کی عالمی سطح پر مہارت کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔