برطانیہ: ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا

Published On 13 July,2025 11:34 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے ساوتھ اینڈ ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارہ کے مطابق طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد آگ کے شعلوں میں بدل گیا، حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرکے تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ شعلوں میں لپٹا ہوا زمین سے ٹکرایا، طیارہ گرنے کے بعد آگ لگ گئی، دھوئیں کے بادل دور دور دکھائی دے رہے ہیں ۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینس، اور پولیس موقع پر موجود ہے، حادثے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کردی گئی ہے تاہم جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار طیارہ B200 مریضوں یا طبی عملے کی منتقلی کے لیے مخصوص تھا، طیارہ کروشیا سے آیا، ساؤتھ اینڈ پر رُکا اور نیدر لینڈز کے لئے اُڑان بھر رہا تھا۔