وزیر خزانہ کی امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم

Published On 19 July,2025 02:27 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا دورہ واشنگٹن کے موقع پر پاکستانی وفد نے امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔

وزیر خزانہ نے امریکی وزیر خزانہ اور یو ایس ٹی آر سے ملاقات کی، پاک امریکا تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک کی قیادت کے معاشی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کی توثیق کی۔

تجارتی تعلقات میں وسعت پاک امریکا تعلقات کا اہم ستون قرار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، ہم ٹیکنالوجی، آئی ٹی، معدنیات، زراعت میں تعاون کے خواہاں ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں مثبت پیشرفت کی توقع ہے، دونوں معیشتوں کو فائدہ دینے والے نتائج کیلئے ملاقاتیں اہم ثابت ہوں گی۔