شوگر ملز سے چینی خریداری کیلئے سیلز ٹیکسس رجسٹریشن لازمی قرار

Published On 28 July,2025 02:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے شوگر ملز سے چینی کی خریداری کے لیے سیلز ٹیکس رجسٹریشن لازمی قرار دے دی۔

ذرائع نے بتایا کہ چینی خریداری کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا سرٹیفکیٹ، محکمہ خوراک کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، شوگر مل سے چینی کی خریداری کے لیے شوگر ڈیلرز کو آن لائن رقم بھجوانی پڑے گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ان شرائط پر ڈیلرز کی جانب سے تحفظات کااظہار کر دیا گیا ہے۔

ادھر حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اجلاس آج ہو رہا ہے، اس اجلاس میں چینی کی قیمتوں کے معاہدہ پر عمل درآمد بارے بات ہو گی، مارکیٹ میں چینی نرخ مقررہ حد تک نہ آنے کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہو گا جس میں سیکرٹری صنعت، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور چاروں صوبوں کے کین کمشنرز بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں شرکا وڈیو لنک کے ذریعہ بھی شریک ہوسکتے ہیں۔