لاہور: چینی کے نرخ اور دستیابی کا بحران، شہری خوار، دکاندار نالاں

Published On 30 July,2025 10:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) چینی کی قیمت اور دستیابی کا معاملہ لاہور میں شدت اختیار کر گیا انتظامیہ کی جانب سے مقررہ نرخ پر چینی کی فروخت یقینی بنانے کے دعوے تو جاری ہیں لیکن شہریوں کو چینی ملنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انتظامیہ نے شہر بھر میں دکانوں اور سٹورز پر 169 روپے فی کلو کے بینرز آویزاں کر دیئے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ زیادہ تر دکانوں پر چینی دستیاب ہی نہیں۔

ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی مقررہ نرخ پر دستیاب نہیں ہو سکی، حکومت نے ہول سیل ریٹ 169 روپے فی کلو اور شوگر ملز کے لیے 165 روپے فی کلو مقرر کر رکھا ہے تاہم تاجروں کا مؤقف ہے کہ مقررہ نرخ پر چینی فروخت پر نقصان ہو رہا ہے جس کے باعث وہ چینی بیچنے سے گریز کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ جس دکان پر بھی جاتے ہیں چینی دستیاب نہیں ہوتی، مجبوری میں شہری مہنگے داموں چینی خریدنے پر مجبور ہیں یا شکر (گُڑ) کا استعمال کر کے گزارہ کر رہے ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں پر عملدرآمد اور چینی کی سپلائی یقینی بنائی جائے تاکہ روزمرہ کی بنیادی ضرورت انہیں با آسانی دستیاب ہو سکے۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت واقعی چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنا چاہتی ہے تو انہیں سبسڈی یا ٹریڈ مارک دیا جائے ورنہ مقررہ قیمت پر فروخت ممکن نہیں۔

انتظامیہ نے متعدد مقامات پر قیمتوں کے پوسٹرز اور بینرز لگا کر مہم تو شروع کر دی ہے لیکن زمینی حقائق اب بھی تشویشناک ہیں۔