پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسانی سمگلنگ کیخلاف عالمی دن منایا جا رہا ہے

Published On 30 July,2025 10:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسانی سمگلنگ کیخلاف عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

انسانی سمگلنگ کی روک تھام کا عالمی دن 30 جولائی کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد انسانی سمگلنگ کے خلاف شعور اجاگر کرنا، اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا اور ان لاکھوں افراد کو تحفظ دینا ہے جو لالچ، دھوکے یا مجبوری کی وجہ سے انسانی سمگلنگ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

پاکستان کیلئے یہ دن اس لئے نہایت اہمیت رکھتا ہے کہ یہاں سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا رجحان تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے، انسانی سمگلر نوجوانوں کو روزگاراور محفوظ مستقبل کے خواب دکھا کر ایسے خطرناک راستوں پر دھکیل دیتے ہیں جو اکثر موت کا پھندا ثابت ہوتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں غیر قانونی راستے سے یورپ جانے کی کوشش میں سیکڑوں پاکستانی نوجوان سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

حکومت کو چاہیے کہ انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے صرف بیان بازی تک محدود نہ رہے بلکہ سمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018ء پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے، غیرقانونی ہجرت کے حوالے سے لوگوں میں آگہی بھی ضروری ہے۔

نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ بیرونِ ملک نوکری کے جھانسے میں آنے سے پہلے تمام پہلوؤں کی اچھی طرح تحقیق کر لیں اور انسانی سمگلروں سے ہوشیار رہیں، اس ضمن میں جب تک ہر فرد اپنی ذمہ داری نہیں نبھائے گا، انسانی سمگلنگ کی یہ صنعت انسانی جانوں کا خراج وصول کرتی رہے گی۔