اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان کی ورلڈ اکنامک فورم سے شراکت داری بارے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، صنعت و پیداوار اور خزانہ کے وزراء نے شرکت کی، ایس آئی ایف سی، بی او آئی، این سی ایس ڈبلیو اور نیوٹیک کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں پاکستان کی ڈبلیو ای ایف سے سرمایہ کاری، جدت اور شمولیتی معاشی ترقی کے مواقع پر غور کیا گیا، خواتین، نوجوانوں اور بزنس کمیونٹی کیلئے براہِ راست روابط کے قیام پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان میں جاری ڈبلیو ای ایف منصوبوں کی فہرست مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈیجیٹلائزیشن، ابھرتی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں سکل ڈویلپمنٹ، روزگار اور خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت بڑھانے پر توجہ اور گلوبل جینڈر گیپ انڈیکس میں پاکستان کی رینکنگ بہتر بنانے کے اقدامات زیر غور آئے۔
اس موقع پر ڈبلیو ای ایف میں پاکستان کے مؤثر اور فعال کردار کیلئے حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔