پاکستان پٹرولیم کا ریکوڈک منصوبے کیلئے 71 کروڑ ڈالر فنڈ کمٹمنٹ کا فیصلہ

Published On 19 August,2025 11:01 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ریکوڈک منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے مالیاتی ہدف میں 71 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کمپنی نے اس اقدام بارے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط بھیج کر آگاہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق مارچ 2025 میں پی پی ایل بورڈ نے پراجیکٹ فنانسنگ کی لاگت سمیت 62 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی منظوری دی تھی جس میں شیئر ہولڈرز کا حصہ 34 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھا، 18 اگست 2025 کو بورڈ کے فنڈنگ کمٹمنٹ بڑھانے سے شیئر ہولڈرز کا حصہ 39 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔

ریکوڈک منصوبے کی مجموعی لاگت میں اضافے کے بعد پراجیکٹ فنانسنگ کی سطح 3 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے، منصوبہ اب چھ ماہ تاخیر کا شکار ہونے کے باعث 2028 کی بجائے 2029 میں شروع ہو گا۔

پی پی ایل اس منصوبے میں 8.33 فیصد حصہ دار ہے جبکہ باقی حصہ دیگر شراکت داروں کے درمیان تقسیم ہے۔