وزیر خزانہ سے یواے ای کے بزنس لیڈرز کے وفد کی ملاقات، معاشی اصلاحات کو سراہا

Published On 29 August,2025 06:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے یو اے ای کے بزنس لیڈرز نے ملاقات کی اور معاشی اصلاحات کو سراہا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق محمد اورنگزیب نے یواے ای کے وفد کو معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی،اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں پرائمری سرپلس، ایکسچینج ریٹ اور زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد بحال کیا،70 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ میں داخل ہوئے، ریکوڈک سمیت کان کنی کے شعبے میں بڑے مواقع موجود ہیں۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور دیگر ریاستی اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے، ملک میں صنعتی پالیسی اور ایکسپورٹ پروموشن پالیسی متعارف کرائی جائے گی، ٹیکس نیٹ کو خدمات، ہول سیل، ریٹیل اور زراعت تک بڑھا رہے ہیں۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی ہے۔

دوسری جانب اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یو اے ای کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مواقع کو سراہا اور وفد نے یقین دہانی کرائی کہ اِس ملاقات سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔