ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظہبی میں مصنوعات ذہانت سے انقلاب آگیا، ایک سال میں 61 فیصد ترقی ہوئی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابوظہبی کا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا شعبہ غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہا ہے جس نے امارت کو عالمی سطح پر اے آئی کی اختراعات اور ترقی کا مرکز بنا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابوظہبی چیمبر کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جون 2023ء سے جون 2024 کے درمیان اس شعبے میں 61 فیصد اضافہ ہوا اور اس وقت امارت میں 673 اے آئی کمپنیاں فعال ہیں، عالمی سطح پر 2024 میں 90,904 اے آئی کمپنیاں موجود ہیں جن میں ابوظہبی کا حصہ نمایاں اور مرکوز ہے۔
یہ پیشرفت ابوظہبی کو ناصرف مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) میں بلکہ عالمی سطح پر بھی تیز ترین ترقی پانے والے اے آئی مراکز میں شامل کر رہی ہے۔
ابوظہبی میں اے آئی کے فروغ کو متعدد خصوصی ادارے اور پلیٹ فارمز سہارا دے رہے ہیں، جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کونسل ، ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی ریسرچ کونسل ، ٹیکنالوجی انوویشن انسٹیٹیوٹ ، AI71، Hub71، G42 اور Space42 GIQ شامل ہیں۔
یہ ادارے تحقیق، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں اور حکمت عملیوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہیں، ابوظہبی چیمبر کے مطابق امارت کی 58 فیصد اے آئی کمپنیاں تحقیق، جدت اور مشاورتی خدمات میں مصروف ہیں جو ایک تحقیق پر مبنی اعلیٰ درجے کے کاروباری ماحول کا ثبوت ہے۔
صرف 2025 کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون) میں 150 نئی اے آئی کمپنیاں قائم ہوئیں، جنہیں سرمایہ کاری، جدید انفراسٹرکچر اور کثیر شعبہ جاتی طلب نے تقویت دی۔