لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سرکاری نرخ نامہ کو نظر انداز کرتے ہوئے سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت جاری ہے، جبکہ برائلر گوشت کی قیمت میں 7 روپے فی کلو کمی واقع ہوئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کے سرکاری نرخ میں 10 روپے کمی کر دی گئی، ٹماٹر کا سرکاری نرخ 125 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 150 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے
آلو کا سرکاری نرخ 80 روپے کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں آلو 100 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
سرکاری نرخ نامے میں پیاز کا سرکاری نرخ 80 روپے کلو مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں پیاز کی 90 روپے کلو تک فروخت جاری ہے، لہسن ہرنائی کا سرکاری نرخ 290 روپے کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں لہسن 350 روپے کلو تک ہے۔
ادرک چائنہ کا نرخ 10 روپے اضافے سے 430 روپے کلو مقرر کیا گیا مگر مارکیٹ میں ادرک 500 روپے کلو تک بیچا جا رہا ہے، سبز مرچ 200، پالک 70، اروی 120، پھول گوبھی 200 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، بھنڈی اور کدو 220 اور شملہ مرچ 200 روپے کلو بیچی جا رہی ہے۔
دوسری جانب برائلر گوشت کے نرخ میں 7 روپے کلو کمی کر دی گئی ہے، مارکیٹ میں برائلر گوشت کا نرخ 562 روپے کلو ہے، جبکہ فارمی انڈے 305 روپے فی درجن ہیں۔