اسلام آباد: (مدثر علی رانا) وفاقی وزارت خزانہ نے کمرشل فنانسنگ اور پانڈا بانڈز کے اجرا کے ذریعے 75 کروڑ ڈالر کے حصول کا منصوبہ تیار کر لیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق یہ رقم یورو بانڈز کی ادائیگی کے لیے استعمال کی جائے گی، پانڈا بانڈ اور کمرشل فنانسنگ کے ذریعے رقم اکٹھی کی جائے گی، جس میں سے 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز کی ادائیگیاں 30 ستمبر کو اور ایک ارب ڈالر کے یورو بانڈز کی ادائیگیاں آئندہ سال اپریل میں ہونی ہیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ قرض ڈیوچے بینک، سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور دیگر بینکوں کے کنسورشیم سے حاصل کیا جائے گا، حکومتی حکمتِ عملی کا مقصد زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ ڈالے بغیر بیرونی واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانا ہے۔