خیبرپختونخوا حکومت کا نیپرا کی طرز پر کیپرا کے قیام کا فیصلہ

Published On 26 September,2025 11:13 am

پشاور (عامر جمیل) خیبرپختونخوا حکومت نے نیپرا کی طرز پر کیپرا (خیبرپختونخوا پاور ریگولیٹری اتھارٹی) کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا، جس میں کروڑہ ہائیڈر پراجیکٹ اور سولرائزیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔

قائمہ کمیٹی کے مطابق کروڑہ ہائیڈرو پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر کے سالانہ 72 کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے، تاہم اس منصوبے میں تاخیر زمین کے حصول اور سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ہوئی ہے، کمیٹی نے اس پراجیکٹ کی تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں اب تک 7 سولر منی گرڈ سٹیشنز قائم کئے ہیں، جس سے نہ صرف توانائی کی فراہمی کو بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ ماحول دوست توانائی کے استعمال کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

صوبائی حکومت کی اپنی پیدا کردہ بجلی کی فراہمی کیلئے 40 ٹرانسمیشن لائنز بچھائی جا رہی ہیں تاکہ بجلی کی ترسیل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ کیپرا کے قیام سے خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے میں مزید شفافیت اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی، حکومت کی جانب سے ان اقدامات کو توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔