سٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ، انڈیکس ایک لاکھ 69 ہزار پوائنٹس کی حد کو چھو گیا

Published On 03 October,2025 09:47 am

کراچی: (دنیا نیوز) سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ پر ریکارڈ بننے لگے۔

کاروباری ہفتے کے پانچویں اورآخری روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 69 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔

کاروبار کے دوران 1100 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 69 ہزار 663 پوائنٹس کی بلند ترین حد تک ٹریڈ ہوا۔

تاہم پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پہلے سیشن کا اختتام ریکارڈ حد پر ہوا، 100 انڈیکس 812 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار ایک لاکھ 69 ہزار 301 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا ہے۔

سٹاک مارکیٹ کے پہلے ٹریڈنگ سیشن میں 93 کروڑ شیئرز کا کاروباری حجم 42 ارب روپے رہا۔

کلیدی شعبوں میں خریداروں کی دلچسپی آٹو موبائل سمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری میں دیکھی گئی، انڈیکس میں نمایاں وزن رکھنے والے سٹاکس جیسے حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ڈی جی کے سی، آئی ان ڈی یو بھی مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔

واضح رہے گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر انڈیکس 2849 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 1 لاکھ 68 ہزار 489 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔