اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے کا سفر آج بھی جاری ہے، ستمبر 2025ء میں 3.2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان آئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ الحمداللہ، ترسیلات زر میں اضافے کا سفر آج بھی جاری ہے، ستمبر 2025ء میں 3.2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان آئی ہیں، مالی سال 2026ء کے پہلے تین ماہ میں ترسیلات زر کا حجم 9.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے مالی سال کے پہلے تین ماہ میں ترسیلات زر کا حجم 8.8 ارب ڈالر رہا تھا، پچھلے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں ترسیلات زر کے حجم میں 8 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں 38.3 ارب ڈالر ترسیلات زر آئی تھیں، اس مالی سال ترسیلات زر کا حجم ان شاء اللہ 41 ارب ڈالر کا حجم کراس کر جائے گا۔
خرم شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ ترسیلات زر لاکھوں ملکی گھرانوں کیلئے لائف لائن ہیں، ترسیلات زر میں مسلسل اضافے سے ہمارے بیرونی کھاتوں میں استحکام آیا ہے، ترسیلات زر ملک کیلئے محض رقوم کی دستیابی ہی نہیں بلکہ قومی و معاشی استقلال کی نشانی ہیں۔