اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی فارما سیکٹر کی برآمدات میں 34 فیصد ترقی خوش آئند ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔
ملاقات کےد وران وفد کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فارما کی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ویژن رکھتی ہے، اجلاس میں صنعت کی برآمدی کارکردگی اور حکومت کے اصلاحاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی فارماسیوٹیکل مارکیٹ میں ایک اہم کھلاڑی بنانے کے لیے مستقبل کے روڈ میپ پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وفد نے اِس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارما انڈسٹری ک تین سالوں میں دواسازی کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کا مشن ہے، آئندہ 8 سالوں میں فارما کی برآمدات کو 10 ارب تک پہنچانے کی کوشش ہے، عالمی فارماسیوٹیکل مارکیٹ اس وقت 1.6 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی پی ایم اے کے وفد کا کہنا تھا کہ فارماسیوٹیکل سیکٹر غیر ضروری ادویات کی ڈی ریگولیشن اور بجٹ بارے اقدامات کے باعث ایک مضبوط ترقی کے طور پر اُبھرا ہے، ادویہ سازی کی برآمدات میں سال بہ سال ریکارڈ 34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب معاشی مشکلات کے باوجود مقامی فارما کی صنعت کی کارکردگی اور صلاحیت بہتر ہوئی ہے۔
اِسی طرح وفد نے حکومت کے ریگولیٹری گیلوٹین اقدام پر بھی روشنی ڈالی، جس نے بیوروکریٹک رکاوٹوں کو کافی حد تک کم کر دیا ہے ، پروڈکٹ رجسٹریشن ٹائم لائنز کو تین سے چار سال پہلے سے صرف چند ہفتوں تک لایا گیا ہے، ایک ایسی اصلاحات جس کا صنعت نے بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے صنعت کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عالمی ادویہ سازی کی شرح نمو اوسطاً 5 فیصد کے قریب ہے، فارما انڈسٹری میں پاکستان کی ملکی ترقی 18 فیصد ہے جس میں غیر معمولی برآمدات کی شرح نمو 34 فیصد ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی وسیع تر اقتصادی حکمتِ عملی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ہے، حکومت کی پالیسی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے پر مرکوز ہے۔



