پاکستان اور فرانس کے درمیان منرلز میں تعاون پر اہم پیشرفت

Published On 12 November,2025 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور فرانس کے درمیان منرلز میں تعاون پر اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔

گیٹ وے ٹو گروتھ کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی ویبینار کا انعقاد کیا گیا، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

فرانسیسی صدر کے کان کنی کے مشیر بینجمن گیلزو نے آن لائن فرانسیسی وفد کی قیادت کی، معروف پاکستانی معدنیات اور توانائی کی کمپنیوں اور فرانسیسی کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔

ویبینار کا مقصد پاکستان میں فرانسیسی کمپنیوں کے لیے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔

علی پرویز ملک نے تانبے، سونے اور ریئر ارتھ ایلیمنٹ میں پاکستان کے زبردست امکانات کو اجاگر کیا اور کہا کہ گرین انرجی نے تانبے، لیتھیم جیسی معدنیات کو مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے لیے انتہائی اہم بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنیاتی شعبے میں کاروبار کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت نے اقدامات متعارف کرائے ہیں۔

نکولس گیلے کان کنی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں قابل تعریف ہیں۔

بینجمن گیلزو نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیوں کے لیے پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں موجود مواقع کو اجاگر کرنے میں یہ فورم بہت مددگار ہے۔

پاکستان اور فرانسیسی سٹیک ہولڈرز کے درمیان سروے، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار کان کنی کے طریقوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔