پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی نے کہا کہ میں معافی کا انتظار نہیں کررہا اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے سابق صدر نکولا سارکوزی نے اعلان کیا ہے کہ لیبیا سے غیر قانونی انتخابی فنڈنگ کے مقدمے میں پانچ سال قید کی سزا کے بعد وہ کسی بھی صورت میں صدارتی معافی کے منتظر نہیں ہیں، سابق صدر نے ایک انٹرویو میں اپنی ’’دیانت داری‘‘ ثابت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ صدر ایمانوئل میکرون سے معافی کی توقع رکھتے ہیں تو سارکوزی نے جواب دیا نہیں، سابق صدر نے وضاحت کی کہ معافی کے لئے ضروری ہے کہ آپ عدالت کے فیصلے کو قبول کریں اور اپنے جرم کا اعتراف کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں کبھی اس جرم کا اعتراف نہیں کروں گا جو میں نے کیا ہی نہیں، میں اپنی دیانت داری کے اعتراف کے لئے آخر تک لڑوں گا، انہوں نے بات ختم کرتے ہوئے کہا میں کامیاب ہوں گا۔
واضح رہے کہ معافی صرف اُس وقت ممکن ہے جب سزا حتمی اور قابلِ نفاذ ہو اور فی الحال یہ اقدام زیر غور نہیں کیونکہ سارکوزی نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ پیرس کی ایک عدالت نے جمعرات کو فیصلہ سناتے ہوئے سابق فرانسیسی صدر کو پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی، عدالت کے مطابق انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں کو سابق لیبیائی رہنما معمر قذافی سے 2007ء کی انتخابی مہم کے لئے غیر قانونی فنڈنگ حاصل کرنے کی اجازت دی تھی۔