اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے شیڈول کا کیلنڈر جاری کر دیا۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو قرض کی فوری قسط کی منظوری کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالرکی قسط کی منظوری دی جائے گی، پاکستان کو ای ایف ایف قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر ملیں گے، جبکہ کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں بھی 20 کروڑ ڈالر جاری کئے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی رقم 9 دسمبر کو پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کی توقع ہے، جس سے دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
بورڈ اجلاس سے قبل پاکستان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ گورننس اور کرپشن ڈائیگناسٹک (جی سی ڈی) اسیسمنٹ رپورٹ شائع کرے گا، جو ای ایف ایف کے تحت ایک کلیدی ساختی بینچ مارک ہے۔
اس معیار کی آخری تاریخ جولائی کے اختتام پر مقرر تھی، جسے بعد میں اگست اور پھر اکتوبر کے آخر تک بڑھایا گیا، مگر اب تک پوری نہیں ہو سکی، تاخیر کی وجہ پاکستان کے حکام اور آئی ایم ایف کے ماہرین کے درمیان تکنیکی و حقائق پر مبنی اختلافات بتائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اب اختلافات دور کر دیئے گئے ہیں اور پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رپورٹ بورڈ اجلاس سے قبل شائع کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 14 اکتوبر کو 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے دوسرے جائزے اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (آر ایس ایف) کے پہلے جائزے پر سٹاف لیول ایگریمنٹ (ایس ایل اے) طے پایا تھا۔



