آئی ایم ایف کا سپلیمنٹری گرانٹ پر وفاقی حکومت کے اختیارات محدود کرنے کا مطالبہ

Published On 11 November,2025 09:43 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) آئی ایم ایف نے سپلیمنٹری گرانٹ پر وفاقی حکومت کے اختیارات محدود کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا تکنیکی مشن پاکستان بجٹ پراسس کیلئے اہداف پر عملدرآمد جائزہ کیلئے پہنچ گیا ہے، عالمی مالیاتی ادارے نے گزشتہ دس برسوں کے دوران سلپمنٹری گرانٹس کے اسپیشل آڈٹ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف کا تکنیکی مشن پبلک فناننس مینجمنٹ، بجٹ پراسس میں تبدیلی کیلئے دیے گئے اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا، پبلک فنانس مینجمنٹ کے ڈیجیٹائزڈ ماسٹر پلان کی نگرانی کیلئے ہائی پاورڈ کمیٹی بنائی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد تقریبا ایک ہفتہ سے زائد انتہائی اہم تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، بجٹ پراسس کو شفاف بنانے کیلئے ڈیجیٹل پبلک فنانس مینجمنٹ اسسمنٹ ٹول پر جائزہ ہو گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بجٹ سے قبل وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی مل کر بجٹ کال سرکلر جاری کریں گے، سلپمنٹری گرانٹس کے میکنزم، شفافیت اور مزید مؤثر بنانے کیلئے آڈیٹر جنرل آڈٹ کرے گا،پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ میں بھی کچھ ری ڈرافٹنگ کی جا رہی ہیں۔