سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 2473 پوائنٹس کا اضافہ

Published On 13 November,2025 05:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث انڈیکس ایک لاکھ 60 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال ہوگیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 60 ہزار 846 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 2473 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 60 ہزار 657 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مختلف شعبوں بشمول آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، پاور جنریشن اور ریفائنری سیکٹرز میں وسیع پیمانے پر خریداری دیکھی گئی، حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ڈی جی کے سی، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میبل اور یو بی ایل کے حصص بھی مثبت زون میں ٹریڈ ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 313 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 58 ہزار 183 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔