کراچی: (روزنامہ دنیا) آئندہ بھی ٹیم کیلئے مفید ثابت ہوں گا، سردی نے کھلاڑیوں کو تھوڑا پریشان کیا، اس وقت قومی کھلاڑیوں میں جو توانائی اور اچھا ماحول ہے اس کی بڑی وجہ کھلاڑیوں کی دوستی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ وہ زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے میں پروفیشنل کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرنے پر خوش ہیں اور مستقبل میں مزید اچھی پرفارمنس دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاوایو میں سلو وکٹ ہونے کی وجہ سے انہیں کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے میں بڑی مدد ملی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے کھیلنا آسان نہیں، سخت سردی کی وجہ سے ابتدائی دس اوورز میں بیٹسمینوں کو شدید مشکلات پیش آئیں اس لیے ٹیم کا سکور بھی کم تھا لیکن مجموعی طور پر حریف ٹیم کو بہت اچھا ہدف دیا۔
شاداب خان کے مطابق پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2019 کی تیاری میں مصروف ہے اور گرین شرٹس کے پاس میگا ایونٹ سے قبل صرف 22 میچز رہ گئے ہیں۔ اس لیے امید ہے کہ موجودہ سکواڈ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ بیشتر ٹیمیں دو لیگ سپنرز کے ساتھ میچ کھیلتی ہیں اور وہ خود بھی یہی سمجھتے ہیں کہ یاسر شاہ اور وہ قومی ٹیم کیلئے زیادہ موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
شاداب خان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت قومی کھلاڑیوں میں جو توانائی اور اچھا ماحول ہے اس کی بڑی وجہ کھلاڑیوں کی دوستی ہے۔