لاہور (دنیا نیوز ) سیاست کے بعد کرکٹ میدان میں بھی "مجھے کیوں نکالا" کی صدا گونج اٹھی، سنٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی اور ایشیا کپ سے بھی ڈراپ کیے جانے پر محمد حفیظ نے نئے چیئرمین احسان مانی کو شکایات بھرا خط لکھ دیا۔
سنٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کے بعد ایشیا کپ سے آؤٹ پر محمد حفیظ نے چیئرمین پی سی بی سے پرزور اپیل کی ہے۔ ٹیم سے ڈراپ قومی کرکٹر مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی سے ناراض محمد حفیظ نے تحفظات سے بھرا خط چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوا دیا۔ پروفیسر نے لکھا کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ مسلسل نظر انداز کر رہی ہیں۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے یہ بھی شکوہ کیا کہ اس طرح وہ مزید پاکستان کے لئے نہیں کھیل سکتے، قومی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے چیئرمین پی سی بی سے معاملے کو دیکھنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں مناسب موقع دیں، کارکردگی نہ ہو تو ڈراپ کر دیا جائے، دلبرداشتہ آل راؤنڈر نے دھمکی آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رویے سے بہتر ہے کہ وہ ہمیشہ کیلئے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں۔