بیٹے کو جونیئر ٹیم میں شامل نہ کرنے پر انضمام الحق برہم

Last Updated On 12 September,2018 03:42 pm

لاہور (دنیا نیوز ) بیٹے کو ٹیم میں شامل کیوں نہیں کیا، چیف سلیکٹر انضمام الحق کے جونیئر چیف سلیکٹر باسط علی کو مبینہ فون نے طوفان برپا کر دیا ہے۔ سکینڈل باہر آنے پر باسط علی اور انضمام الحق نے ایسے فون کال کی تردید کردی جبکہ خبر دینے والے کرکٹر عبدالقادر اپنی بات پر قائم ہیں۔

کرکٹ ٹیم میں کھلاڑی کی شمولیت کے لیئے سفارشی فون ویسے تو پاکستان کا کلچر ہے مگر یہ فون کال اگر چیف سلیکٹر جونیئر ٹیم کے چیف سلیکٹر کو کرے تو طوفان برپا ہونا بھی چاہیے۔ سابق کپتان عبدالقادر کا دعویٰ ہے کہ انڈر 19 ایشا کپ میں بیٹے کے منتخب نہ ہونے پر انضمام الحق نے باسط علی سے فون پر شکوہ کیا۔ یہ بات عبدالقادر کو خود باسط علی نے بتائی۔

کہانی کا دوسرا رخ یہ ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور جونیئر ٹیم چیف سلیکٹر باسط علی اس بات کی تردید کرتے ہیں۔ معاملہ اب پی سی بی کے جھولی میں آ گرا ہے جو نئے چیئرمین احسان مانی کے لئے پہلے اور کڑے امتحان سے کم نہیں۔