لاہور (دنیا نیوز ) دبئی میں پاکستان ٹیم نے تیاریاں مکمل کرلیں، بارہواں ایشیا کپ کل سے شروع ہوگا، افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش اور دفاعی چیمپئن سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔
ایشیا میں کرکٹ کا نیا چیمپئن کون ہوگا اس کا فیصلہ کرنے کیلئے یو اے ای میں محاذ سج گیا، چھ ٹیمیں، دو میدان، تیرہ میچ، ایک ٹرافی، جیت کی جنگ کل سے شروع ہو رہی ہے۔ افتتاحی روز بنگلہ دیش کو دفاعی چیمپئن سری لنکا کا چیلنج درپیش ہے۔
پاکستان 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ دبئی میں شاہینوں کی تیاریاں مکمل ہیں، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، فیلڈنگ اور باؤلنگ میں خوب جان ماری۔
19 ستمبر کو پاک بھارت مقابلے کا سبھی کو انتظار ہے۔ شاہینوں کو دو بار ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ سری لنکن سب سے زیادہ پانچ بار ایشین چیمپئن بنے، چار مرتبہ ٹرافی بھارتی ٹیم کے حصے میں آئی۔