ابو ظہبی : (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دے دیا۔
ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔ اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔ اصغر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم حشمت اللہ کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔ دیگر افغان بلے بازوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔حشمت اللہ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد عامر، شاداب خان اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے محمد نواز، حارث سہیل اور شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب گزشتہ روز ایشیا کپ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 136 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی اور افغانستان اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہا ہے۔