بھارت کی بنگلادیش کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری

Last Updated On 21 September,2018 11:05 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا ہے اور ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔

دبئی میں کھیلے جارہے ایونٹ کے اہم مقابلے میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور پہلے بالنگ کو ترجیح دیتے ہوئے بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارتی بالرز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کو 173 رنز پر ڈھیر کردیا۔

بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن معراج 42 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ مشرفی مرتضیٰ 26 اور محمود اللہ 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایونٹ کا پہلا میچ کھیلنے والے رویندر جدیجا نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بھمرا اور کمار کے حصے میں 3،3 وکٹیں آئیں۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ اس میدان پر ہم نے کچھ میچز کھیلے ہیں اور ہمارے کھلاڑی لائٹس میں ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتے ہیں اور یہی ہماری ٹیم کی مضبوطی بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقابلے کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، زخمی پانڈیا کی جگہ اسپنر جدیجا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ آج کا میچ ایونٹ کا اہم مقابلے ہے اس میچ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تجربہ کار بیٹسمین مشفق الرحیم کو واپس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، آرام کے غرض سے مشفق الرحیم کو ڈراپ کیا گیا تھا جب کہ دوس مستفیزر کو بھی فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔