پشاور زلمی اور ترکی کی ترقی پذیر اسپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

Last Updated On 19 November,2018 10:08 pm

استبول: (ویب ڈیسک)‌ پشاور زلمی اور ترکی کی ترقی پذیر اسپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا، ترک کرکٹر پشاور زلمی کلب میں شامل.

پشاور زلمی اور ترکی کی ترقی پذیر اسپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ پاکستان کے معروف کرکٹ کلبوں میں سے پشاور زلمی اور ترکی کی ترقی پذیر اسپورٹس برانچز فیڈریشنGOSBF کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے پر دستخط کے لئے اسلام آباد میں ترکی کے سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردا کل ، پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی ، GOSBF کے سربراہ حسن اوزترک، GOSBF کرکٹ کے نائب چئیرمین حسن ثابت آتیلا اور ترک کرکٹ کھلاڑیوں اور کثیر تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔

معاہدے کی رُو سے دستخط کی تقریب میں موجود 2 کھلاڑی دوبئی میں متوقع پاکستان کرکٹ سُپر لیگ کے فائنل میچوں میں پشاور زلمی کلب میں مہمان کھلاڑیوں کے طور پر شامل ہوں گے اور کلب کے ساتھ مل کر پریکٹس کریں گے۔

آفریدی اور اوز ترک کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کے بعد ترکی کے سفیر یرداکل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ زلمی وقف نے سماجی بہتری ، اسپورٹس اور کرکٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے اور پاکستان میں ہونے والی ہر مثبت پیش رفت کا ترکی کی طرف سے پُر مسرت خیر مقدم کیا گیا ہے۔

پشاور زلمی کے سربراہ آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے ایک سال قبل یرداکل سے ترکی کرکٹ ٹیم سے متعلق کام کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

تقریب کے آخر میں ترکی کے اہم کرکٹ کھلاڑیوں میں شامل مہمت سرت، طوناخان طوران اور یامُر تاش دیلین کو پشاور زلمی کا یونیفارم اور کِٹ پیش کی گئی۔

ترک کھلاڑیوں میں سے سرت اور طوران ماہِ فروری میں دوبئی میں متوقع پاکستان کرکٹ سُپر لیگ کے فائنل میچوں میں پشاور زلمی کے یونیفارم کے ساتھ مہمان کھلاڑیوں کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔