پی ایس ایل ڈرافٹنگ: مصباح الحق پشاور زلمی کا حصہ بن گئے

Last Updated On 21 November,2018 10:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ایس ایل فور کی ڈرافٹنگ ہوئی، چیمپئن کپتان مصباح الحق چھکا لگاتے ہوئے پشاور زلمی کا حصہ بن گئے، چھٹی ٹیم نے بوم بوم پِک سے شاہد آفریدی کو لے لیا جبکہ سپر سٹار اے بی ڈویلیئرز نے لاہورقلندرزمیں دبنگ انٹری ڈال دی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ڈیرن سیمی کو پاکستانی اعزازی شہریت سمیت بڑے خواب دیکھ لیے۔

پاکستان سپر لیگ کا بڑا دن، شہر اقتدار میں پی ایس ایل فور کی ڈرافٹنگ ہوئی. چھ کی چھ ٹیموں نے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا اور مزید کھلاڑی ڈرافٹنگ کا حصہ بنے۔مصباح الحق نے زور دار چھکا لگا دیا، قدموں کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ سے پشاور زلمی کی کریز میں پہنچ گئے جہاں وہ ڈیرن سیمی کی قیادت میں اِن ایکشن ہوں گے۔

دو بار کی چیمپئن ٹیم فاسٹ بولر محمد عرفان سے بھی محروم ہو گئی، دراز قد بولر نے چھٹی ٹیم کو جوائن کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے سپر سٹار اے بی ڈویلیئرز بھی لاہورقلندرز کا حصہ بن گئے۔ کرکٹ کے پروفیسر محمد حفیظ نے بھی زلمی کے بجائے قلندرز کی جرسی پہن لی۔ ادھر چھٹی ٹیم کی بھی بڑی اننگز، بوم بوم آفریدی کی پلاٹینم میں دبنگ انٹری ہو گئی۔ اسی ٹیم کے ٹاپ کیٹگری میں پابندی کا شکار آسٹریلوی کپتان سٹیو اسمتھ بھی شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر، ماضی کے سپیڈ سٹار شعیب اختر اور چھٹی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے بھی جیت کے پلان بتا دیئے۔ چیئرمین احسان مانی نے سپر سٹار ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت دینے کی خواہش ظاہر کر دی ایک قدم اور بڑھتے ہوئے انھوں نے لاہور، کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی لیگ میچز کرانے کی امید دلا دی۔