دبئی:دوسرا ٹیسٹ، اظہر علی اور حارث سہیل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ

Last Updated On 24 November,2018 03:55 pm

دبئی: (دنیا نیوز) دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، بائیں ہاتھ کے بلے باز امام الحق اور دائیں ہاتھ کے محمد حفیظ ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنالئے۔

 اوپنگ بلے باز امام الحق اور محمد حفیظ نے کھیل کا آغاز کیا مگر زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے۔ کیوی باؤلر گرینڈ ہوم نے دونوں بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد حفیظ 24 گیندے کھیل کر ایک چوکے کی مدد سے صرف 9 رنز بنا کر نو دو گیارہ ہوئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جنہوں نے 27 گیندوں پر 9 رنز بنائے۔

مشکل صورتحال میں مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی اور حارث سہیل نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 99 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اظہر علی 7 چوکوں کی مدد سے 125 گنیدوں پر 69 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ حارث سہیل 37 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ قومی ٹیم کی ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ نیوزی لینڈ کو 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ گرین کیپس کو پہلے ٹیسٹ میں صرف 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے شکست کو بھلا چکے ہیں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی لگ رہی ہے، نیا میچ ہے، بہتر کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ کیوی کپتان کین ولیم سن نے کہا امید ہے بولرز نئی بال کا اچھا استعمال کریں گے، ٹیم کا وننگ کمبی نیشن برقرار ہے کوئی تبدیلی نہیں کی۔